پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظریہ پاکستان اور لاالہ الااللہ میں موجود ہے

کراچی(محمد افضل) پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ و بلوچستان کے صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ بدحالی کا ذمہ دار ملک نہیں بلکہ مفاد پرست اور بدعنوان حکمران ہیں جنہوں نے پاکستان کو اس بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔ ہمیں بیگانوں کو آئیڈیلائز کرنے کے بجائے اپنے ملک کی ترقی اور تعمیر میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں تقریری مقابلے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ طلبہ مسلم اسٹوڈنٹس لیگ کے تحت کراچی یونیورسٹی میں عشرہ دفاع پاکستان کےسلسلے میں تقریری مقابلے کا انعقاد کیاگیا۔مقابلے کا مقصد طلبہ میں پاکستان کی محبت اور قومی جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریری مقابلے کے عنوانات میں نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے اور مجھے ہے حکم اذان لا الہ الا اللہ شامل تھے۔تقریری مقابلے میں 120 سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہر تقریر میں پاکستان کی نظریاتی اساس اور قومی اتحاد کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی پروگرام کے مہمان خصوصی میں مرکزی مسلم لیگ سندھ و بلوچستان کے صدر فیصل ندیم، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان ،کوآرڈینیٹر مسلم اسٹوڈنٹس لیگ سندھ محمد بلال حیدر ،شعبہ تاریخ اسلام کے چئیرمین ڈاکٹر محمد زبیر ،سینئر وائس پریزیڈنٹ ہیومن رائٹس ڈاکٹر سمرین ریاض ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی چئیر پرسن ڈاکٹر سفیہ عروج چانسلر سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ انہوں نے تقریری مقابلے کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور نوجوانوں میں پاکستان کی محبت کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظریہ پاکستان اور لا الہ الا اللہ میں موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ مخلص رہنے کی ضرورت ہے اور نوجوانوں میں نظریہ پاکستان اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کرنا چاہئیں۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ طلبہ پاکستان کامستقبل ہیں۔ ہمیں ان میں نظریہ پاکستان کی آگاہی بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نےکہاکہ مسلم اسٹوڈنٹس لیگ اور اس پروگرام کے منظمین خراج تحسین کے مسحق ہیں ۔ ندیم اعوان نے پروگرام کو طلبہ میں قومی جذبات کو زندہ کرنے کا ایک بہترین طریقہ قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کی تقریبات قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر ممتاز پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءکی حوصلہ افزائی کے لیے شیلڈز اور دیگر انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top